سرینگر، 05 اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)جموں و کشمیر میں نریندر مودی حکومت کے فیصلہ سے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) بوکھلا گئی ہے۔پی ڈی پی کے راجیہ سبھا رکن میر محمد فیاض نے پیر کو آئین کی کاپی پھاڑ دی۔اس کے بعد راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے میر محمد فیاض کو ایوان چھوڑنے کی ہدایت دی۔پی ڈی پی کے ایم پی محمد فیاض میر سے جب آئین کے آرٹیکل 370 پر ہوئے فیصلے پر بات چیت کی تو انہوں نے کہا کہ جمہوریت ہو یا کچھ بھی ہو، ہمیں استحقاق ہندوستان نے دیا تھا، پاکستان نے نہیں دیا تھا۔فیاض نے کہا کہ انگریزوں نے ہمارے اوپر کوئی ظلم نہیں کیا تھا لیکن اب ہم گولی کھانے کے لئے تیار ہیں، ہمیں گولی مار دو۔اس سے پہلے وزیر داخلہ امت شاہ نے جب راجیہ سبھا میں اپنی تقریر کا آغاز کیا تب اپوزیشن پارٹیاں ہنگامہ کرنے لگیں۔جموں وکشمیرمیں لاگو آرٹیکل 370 میں تبدیلی اور ریاست تنظیم نو کے فیصلے کی کانگریس، پی ڈی پی سمیت کئی پارٹیوں نے مخالفت کی ہے۔محبوبہ مفتی کی پارٹی پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے دو ممبران پارلیمنٹ نے راجیہ سبھا میں اپنے کپڑے پھاڑ دئے ہیں۔ممبران پارلیمنٹ کی اس حرکت سے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے چیئرمین وینکیا نائیڈو نے دونوں ممبران پارلیمنٹ کو ایوان سے باہر بھیج دیا۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پیر کو راجیہ سبھا میں آئین کے آرٹیکل 370 کو ہٹانے کی تجویز پیش کی، ان کے تجویز پیش کرتے ہی ایوان میں اپوزیشن لیڈر ہنگامہ کرنے لگے۔اپوزیشن لیڈران کا ہنگامہ اتنا زیادہ تھا کہ وزیر داخلہ امت شاہ کی آواز تک سنائی نہیں دے رہی تھی۔